کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم جون سے پہلے جاری کر دینگے: امریکی نمائندے کی یقین دہانی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) پاکستان اور افغانستان کےلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراس مین نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈکی مد میں باقی رقم جون سے پہلے جاری کر دی جائے گی۔ وہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے، اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں کیری لوگر بل، کولیشن سپورٹ فنڈ ، پاکستان کی مالی امداد اور معیشت کی بحالی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے مارک گراس مین کو اقتصادی شعبے کی کارکر دگی اور اصلاحات کے ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کیری لوگر بل کے تحت پاکستان کو جلد امداد دی جائے اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی بقایا رقم بھی جلد اد اکی جائے۔ مارک گراس مین نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان کی اقتصادی پالیسیاں معیشت کے لئے مثبت اقدام ہیں ، پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں، امریکہ پاکستان کی معیشت کی بہتری اور توانائی کے شعبے میں امداد جاری رکھے گا۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے امریکہ پر زور دیا پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی کیلئے انٹر پرائز فنڈ قائم کیا جائے۔ سپیشل رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندہ مارک گراس مین آج صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں پاکستان، امریکہ تعلقات اور لاہور میں قتل کے الزام میں گرفتار امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے استثنیٰ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔
امریکی نمائندہ