بابر اعوان کیخلاف مقدمہ میں پنجاب حکومت ملوث نہیں، صدر کی تشویش افسوسناک ہے: ترجمان

لاہور (خبرنگار خصوصی) پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر بابر اعوان کے خلاف فرد جرم پر صدر زرداری کی تشویش افسوسناک ہے یہ مقدمہ افتخار عادل نامی شخص نے درج کرایا جس میں بابر اعوان پر پراپرٹی پر قبضہ کا الزام تھا۔ ترجمان نے کہا کہ مقدمہ کی مدعی پنجاب حکومت نہیں ایک عام شخص ہے لہٰذا بابر اعوان عدالتوں کا احترام کرنا سیکھیں اور عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعوان کے لیت و لعل کے باوجود عدالت کو زیرالتوا مقدمہ کا فیصلہ تو کرنا ہے لہٰذا وہ عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں۔ آن لائن کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی۔ بابر اعوان کے خلاف درج مقدمات میں پنجاب حکومت ملوث نہیں ہے، کیس کو سیاسی طور پر نہیں دیکھتے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعوان پر درج ہونے والے مقدمات پر جہاں پیپلزپارٹی کو اس پر تشویش ہے، مسلم لیگ کو بھی اس پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابر اعوان کے خلاف مقدمہ عدالت میں ہے اس پر تبصرہ کرنا فضول ہے، فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔ بابر اعوان کو صرف سیاسی طور پر جانتے ہیں وہ سیاسی تقریر میں اچھے الفاظ کو اچھا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صدر زرداری نے اگر مسلم لیگ (ن) کے ملوث ہونے کی کوئی بات کی ہے تو ہم اس بحث کی جنگ میں نہیں پڑنا چاہتے۔
ترجمان پنجاب حکومت