چودھری نثار سے صلح کی بازگشت ایوان صدر میں بھی گونجتی رہی آگ دبی ہے بُجھی نہیں: سیاسی مبصرین

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان صلح کی بازگشت اتوار کو ایوان صدر میں بھی گونجتی رہی جبکہ  سیاسی مبصرین کا خیال ہے یہ آگ دبی ہے بجھی نہیں اور یہ کسی بھی وقت پھر سر اٹھا سکتی ہے۔ چودھری نثار اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر شریف برادران سے ناراضگی کا اظہار کرکے اپنے مطالبات منوا چکے ہیں۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں موجود بعض سیاستدانوں کا خیال تھا صلح کے باوجود چودھری نثار کا میڈیا سے بات چیت نہ کرنا اور آج ایوان صدر میں اس اہم تقریب میں شرکت سے گریز اس بات کو واضح کرتا ہے ابھی کانٹا نہیں نکلا۔ سیاسی مبصرین اس رائے کا اظہار کررہے ہیں جاوید ہاشمی اور بعض دیگر رہنما بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ناراض ہوئے تھے مگر قیادت نے انہیں ان کی تمام تر قربانیوں کے باوجود گھاس نہیں ڈالی جبکہ چودھری نثار کو بار بار سر آنکھوں پر بٹھایا جارہا ہے۔
صلح/ بازگشت