نئے چیف جسٹس بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر سوموٹو ایکشن لیں: رحمت وردگ

راولپنڈی (سلطان سکندر) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کو عدالتی  حکم کے باوجود کنٹونمنٹس، وفاقی علاقے اور تین صوبوں میں وفاقی اور تین صوبائی حکومتوں کی طرف سے بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر  سوموٹو ایکشن لینا چاہئے۔ الطاف حسین ‘ طاہر القادری اور عمران خان اکٹھے  ہو جائیں تو موجودہ حکومت ایک ماہ بھی نہیں چل سکتی۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اقتدار کی باریاں لگانے کے لئے میثاق جمہویت بنایا تھا جو جمہوریت کی نفی ہے اتوار  کو فون پر نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو صوبہ خیبر پی کے تک محدود رکھا جائے انہیں ملک کے دیگر حصوں بالخصوص بڑے شہروں میں لے جانے سے بہت خرابیاں اور مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا اگرچہ شمالی وزیرستان آپریشن میں تاخیر کی گئی ہے مگر دیر آید درست آید‘ یہ امریکی طالبان دہشت گرد ہیں جو پاکستان اور پاکستانی عوام کو  نقصان پہنچا رہے ہیں، اصل طالبان ملا محمد عمر اور اُسامہ بن لادن کے پیروکار ہیں جن کے ہم شیدائی ہیں جو پاکستان اور پاکستانی عوام کو کبھی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کو ساتھ لے کر عمران خان ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتے‘ طاہر القادری نے دس نکاتی ایجنڈے میں نظام کی تبدیلی کی بات کی ہے خواہ وہ اقتدار میں نہ آئیں لیکن جب تک آبی ذخائز کو بنیادی ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جائے عوام ساتھ نہیں دیں گے۔