زرعی ترقیاتی بنک اور ہاؤس بلڈنگ کارپوریشن سٹیٹ بنک کے اربوں روپے کے نادہندہ

اسلام آباد (آئی این پی) زرعی ترقیاتی بینک اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سٹیٹ بینک کے اربوں روپے کے نادہندہ ہیں۔ اس سلسلے میں گورنر اشرف محمود وتھرا شکایت لے کر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے پاس پہنچ گئے۔ اتوار کو وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات میں ذرائع کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر خزانہ کو گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ دونوں ادارے نہ صرف اپنی کریڈٹ لائن پوری کر چکے ہیں بلکہ ریکوری کم ہونے کی وجہ سے انہوں نے سٹیٹ بینک کو سابقہ بقایا جات بھی ادا نہیں کئے جو کہ اربوں روپے بنتے ہیں۔ لہٰذا انہیں مزید قرضوں کے اجراء کے لئے رقم کی فراہمی خطرے کا باعث ہو گی۔ جس پر وزیر خزانہ اسحق ڈار نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ زرعی ترقیاتی بینک اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے ساتھ بات چیت کے ذریعے جلد ہی اس مسئلے کا قابل قبول حل نکال لیا جائے گا۔