حکومت کو کیری لوگر امداد، اداروں کی نجکاری سمیت بیرونی وسائل سے 8 کھرب68 ارب روپے حاصل ہوں گے

اسلام آباد( آن لائن) وفاقی حکومت کو رواں مالی سال کے دوران  امریکہ سے کیر ی لوگر امداد کے تحت 15ارب 95کروڑ روپے، سکوک بانڈکے اجراء سے 49ارب 50کروڑ روپے اورمختلف اداروں کے  نج کاری سے198ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے اس طرح مجموعی طور پر حکومت کو ان بیرونی وسائل سے 8کھرب 68ارب 61کروڑ روپے حاصل ہوںگے۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بیرونی وسائل سے قرضوں کا تخمینہ 623ارب 80کروڑ روپے لگایا گیا جس میںپراجیکٹ قرضے 174ارب 84کروڑ روپے ،وفاقی 92ارب 83کروڑ روپے ،صوبائی 82ارب روپے اورپروگرام قرضوں کی مد میں 201ارب 46کروڑ روپے حاصل کرنے کا تخمینہ ہے جبکہ دیگر قرضوں کی مد میں247ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں اسلامی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی ) سے 49ارب 50کروڑ روپے ،یورو بانڈسے 49ارب 50کروڑ روپے اور سکوک بانڈ سے بھی اتنے ہی یعنی 49ارب 50کروڑ روپے جبکہ چائنہ ڈیپازٹس سے99ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ ہے ۔اسی طرح بیرونی وسائل سے امدای رقوم کی مد میں 244ارب 80کروڑ روپے حاصل کرنے کا تخمینہ ہے جس میں پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 30ارب روپے ،وفاقی 9ارب 30کروڑ روپے ،صوبائی 21ارب 55کروڑروپے ،کیری لوگر امداد کے تحت 15ارب 95کروڑ روپے جبکہ نجکاری سے 198ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔