تحریک انصاف کے مارچ سے غیر معمولی تبدیلی نہیں آئیگی‘ اعلان حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے کیا گیا: ذرائع

اسلام آباد (ثناء نیوز) تحریک انصاف کی 14 اگست کو سونامی مارچ کی صورت میں معمول کی سیاسی سرگرمی ہوگی، اس لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی غیر معمولی سیاسی تبدیلی نہیں آئیگی۔ حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ لانگ مارچ کا مقصد پارٹی کارکنوں کو متحرک رکھنا بھی بتایا گیا ہے۔ تحریک انصاف خود بھی اس بات پر متفق ہے کہ مارچ کے معاملے پرجمہوری نظام کیلئے کوئی سنگین صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائیگی۔ ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ انتخابی دھاندلی کیخلاف لانگ مارچ سے کوئی غیر معمولی سیاسی اہداف نہیںہیں اور نہ ہی لانگ مارچ کے ذریعے حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کی جائیں گی۔ تمام جماعتوں نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو نامزدگیاں دیدی ہیں۔ جلد کمیٹی کا اعلان کر دیا جائیگا اور وہ اپنے ٹاسک پر کام شروع کر دیگی، کمیٹی نے تین ماہ میں اپنا کام مکمل کرنا ہے۔ ذرائع انتخابی اصلاحات کے تناظر میں دعویٰ کر رہے ہیں کہ لانگ مارچ معمول کی سیاسی سرگرمی ثابت ہو گا ۔ مظاہرین کو فری ہینڈ دیا جائیگا ممکنہ طور پر حکومت گرانے یا پارلیمنٹ کے گھیرائو کے اعلان کی صورت میں وفاقی حکومت لانگ مارچ کے شرکاء کو اسلام آباد آنے کی اجازت نہیں دیگی۔