ایشیائی ترقیاتی بینک کا بلوچستان میں دو شاہراہوں کیلئے 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا قرضہ

اسلام آباد(آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بنک نے صوبہ بلوچستان میں دو قومی شاہراہوں کے ترقیاتی منصوبے کیلئے 19کروڑ 70لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے اعلامیے کے مطابق منصوبے کیلئے منظور شدہ رقم سے بلوچستان میں ژوب سے مغل کوٹ اور قلعہ سیف اللہ سے واغم تک دو لینز پر مشتمل ہائی ویز تعمیر کی جائیں گی۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ژ وب سے مغل کوٹ تک 79کلومیٹر طویل شاہراہ جبکہ قلعہ سیف اللہ سے واغم تک 128کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیرکرے گا۔ منصوبے سے بلوچستان میں اقتصادی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ غربت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی صلاحیت کے باوجود صوبے میںناقص سکیورٹی صورتحال اور سیاسی عدم استحکام کے باعث مواصلات سمیت دیگر ترقیاتی سرگرمیاں ماند پڑی ہوئی ہیں، تاہم دو لینز شاہراہوں کیلئے 19 کروڑ 70لاکھ ڈالر قرض کی فراہمی سے صوبے معاشی طور پر مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ خطے کیلئے معاشی سرگرمیوں کے پرکشش مقام کے طور پر سامنے آ سکے گا۔