پاکستان کو بھارت یا کسی اور سے نہیں آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے: سینیٹر سراج الحق

پاکستان کو بھارت یا کسی اور سے نہیں آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے: سینیٹر سراج الحق

اسلام آباد(نا مہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کسی کو نظریہ پاکستان سے غداری نہیں کرنے دیں گے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے اسلامی اور خوشحال ملک دنیا کی قیادت کرے گا اورمستقبل میں سپر پاور ہوگا۔ پاکستان کو بھارت یا کسی اور سے نہیں بلکہ آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے ان سانپوں کے سر کچلنا ہوں گے ،نواز شریف نے لبرل اور سیکولر کا نعرہ لگا کر اﷲ اور رسول ؐ کو خوش کرنا چاہتے ہیں یا ٹرمپ اوربھارت کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں منعقدہ تین روزی میگا ایجوکیشن ایکسپو 2017کے دوسرے دن کی افتتاحی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ میاں صہیب الدین کاکا خیل اور اور یونیورسٹی کے ناظم سید عبدالمنان شاہ نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے ایکسپو میں کتابوں کے سٹالزکا دورہ بھی کیا تقریب میں اسلامی یونیورسٹی کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا شکر گزار ہوں جس نے نوجوانوں کو منزل دی اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو اچھا پیغام دیا۔ نوجوانوں کی وجہ سے پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہے پاکستان اسلامی اور خوشحال ملک بنے گا اور دنیا کی قیادت کرے گا اسلامی اور خوشحال پاکستان دیگر ممالک کے لیے رول ماڈل ہوگا مجھے یقین ہے کہ مستقبل کا سپر پاور چین ،امریکہ ،روس نہیں پاکستان ہوگا۔جمعیت طلبہ1947ء سے آج تک اس کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے مسلمانوںکو امت بنانے اور پاکستان کو منزل تک پہنچنے کے لیے مہم میں مسلسل کردار ادا کررہی ہے جمعیت ایک نظریاتی نوجوانوں کا گروہ ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ جدوجہد نظریہ اور ویژن کا نام ہے میں خود اٹھویں جماعت میںجمعیت میں شامل ہوا تھا اور میرے اندر جو اچھے اوصاف پائے جاتے ہیں وہ والدین کے بعد جمعیت کی وجہ سے ہیں۔جمیعت نے مجھ جیسے غریبوں کو پڑھنے اور آگے بڑھنے کا موقع دیا اور جمعیت کی وجہ سے میں جماعت اسلامی کاامیر ہوں جمعیت کی وجہ سے صوبائی اسمبلی کا ممبر بنا صوبائی وزیر رہا اور آج سینیٹر ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نظریے کا نام ہے اور ہمارے پاس یہ شہیدوں کی امانت ہے مدینہ کے بعد پاکستان مقدس ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا ، بین الاقوامی سازش کے تحت پاکستان کو دوحصوں میں تقسیم کیا گیا ، پاکستان کو اب دوبارہ جغرافیائی طور پر تقسیم کر نے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے لیے وہ پاکستانیوں کو ان کے نظریے سے دور کرنا چاہتے ہیں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے لبرل اور سیکولر پاکستان کانعرہ لگایا یہ نعرہ ان کا اپنا نہیں تھا مگر باہر کے لوگوں نے ان کی زبان پر رکھا ہے ناموس رسالتؐ کے حلف نامہ میں تبدیلی کی گئی تو چترال سے کراچی تک لوگ کھڑے ہو گئے اور انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کسی صورت نظریہ پاکستان سے نہیں ہٹیں گے نواز شریف نے لبرل اور سیکولر کا نعرہ لگا کر اﷲ اور رسول ؐ کو خوش کرنا چاہتے ہیں یا ٹرمپ اوربھارت کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ جس نے بھی پاکستان کے نظریے سے غداری کی تو نوجوانوں کے ہاتھ ہونگے اورر ان کے گریبان ہوں گے ۔ہمارے سیاستدانوں نے انگریز کے نظام کو سینے سے لگایا ہوا ہے اداروں اور جمہوریت کو پیسے کے زور پر یرغمال بنایا ہوا ہے پاکستان میں دو فیصد لوگوں نے وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے چند سو لوگ ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جاتے ہیں جو کرپشن بدعنوانی اور غربت کے ذمہ دار ہیں پاکستان کو بھارت سے خطرہ نہیں،پاکستان کو ان آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے جن کے سرکچلنے کی ضرورت ہے۔ان کی اولادیں بیرون ملک پڑھتی ہیں اور واپسی پرڈگریوں کے ساتھ غیر ملکی کلچر اور حکمرانی کا نشہ لے کر آتی ہیں اورعالمی قوتیں ایک گھوڑے کے داغ دار ہونے پر دوسرا گھوڑا آگے کر دیتے ہیں اور ان سیاسی پنڈتوں نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے ہماری معیشت یرغمال بنائی ہوئی ہے ،ہم بیرونی قرضوں سے پاکستان کو نکالیںگے پاکستان میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس سال مکمل ہونے پر پیپلز پارٹی کے شریک آصف علی زرداری نے اعلان کیا کہ میں اب اختیارات اپنے بیٹے بلاول کو منتقل کرتا ہوں کیونکہ یہ اپنے مفاد کے لیے کام کرتے ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ 436 افراد جن کے نام پانامہ میں ہیں ان کا بھی احتساب کیا جائے اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جس پر نیب کے مقدمات ہیں اور وہ وہاں سے کلیئر نہیں ہوتے ان کو الیکشن کے لیے نا اہل کیا جائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ناظم اعلیٰ سید صہیب الدین کاکاخیل نے کہا کہ جمعیت ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے ہی باقی سب طلبا تنظیموں سے ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔اسلامی یونیورسٹی جمعیت کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا۔امید ہے آپ لوگ ان روایات کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔آج کا سب سے بڑا ایونٹ ٹیلنٹ ایوارڈ شو تھا جسمیں 600طلبا میں انعامات تقسیم کئے گئے دوسرے روز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبد لجلیل اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد اشرف چوہدری نے ایکسپوکا دورہ کیااور ناظم جامعہ عبد المنان سمیت تمام منتظمین کو شاندار ایکسپو کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی شام کے وقت ڈرامہ نائیٹ کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مشہور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد تھے ڈرامہ نائیٹ سے طلبا خوب محظوظ ہوئے ۔اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم عبد المنان شاہ نے کہا کہ ہر سال ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد سے طلبا کو صحت مندانہ سرگرمیاں فراہم کرتے ہیں جس میں ہزاروں طلبا شرکت کرتے ہیں ، ایجوکیشن ایکسپو یونیورسٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔طلبہ کے درمیان مختلف مقابلا جات ،جاب فیئر فوڈ سٹریٹ اور کتاب میلہ بھی ایکسپو کا حصہ ہے۔جبکہ کتاب میلے میں 50فیصد تک رعایتی قیمت پر کتب کے سٹالز لگائے گئے تھے ۔