راولپنڈی میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے: شاہد خاقان

راولپنڈی میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے: شاہد خاقان

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔وزیر اعظم نے فوری طور پر راولپنڈی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔مسلم لیگ(ن) راولپنڈی کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی پی پی 14راجہ محمدحنیف نے بدھ کی شام وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔انہوں نے وزیر اعظم کوراولپنڈی کے عوام کے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ راولپنڈی کے عوام کا سب سے بڑامسئلہ گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی ہے اس حوالے سے شہریوں کی شکایات فوری حل کرنے کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فوری طور پر راولپنڈی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔راجہ حنیف نے وزیر اعظم کو راولپنڈی میں پانی کی کمی کے مسئلے سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ غازی بروتھا سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے پانی کی سپلائی کا منصوبہ شروع کیا جانا تھا اور اس حوالے سے ایک ایم او یو بھی سائن ہو چکا ہے ۔جب تک یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو گا پانی کا بحران موجود رہے گا اور زیر زمین پانی کی سطح نیچے ہوتی جائے گی ۔راولپنڈی میں 400سے زائد ٹیب ویل لگ چکے ہیں اور ہر سال پانچ سے سات ٹیوب ویل بند ہو رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے اس مسئلے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ راولپنڈی کے عوام کو پانی کی بلاتعطل فراہمی کی جاسکے۔راجہ حنیف نے وزیر اعظم کو حلقہ پی پی 14میں ٹرانسفارمرز کی کمی،گلیوں میں لٹکتی تاروں اور راستوں میں بجلی کے کھمبوں کی صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے اس مسئلے کے حل کے لیے 4کروڑ روپے کی سکیم شروع کرنے کی ہدیات جاری کر دی۔راجہ حنیف نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ پولیس فائونڈیشن،پاکستان ٹائون فیز ٹو ،ایچ تھری مورگاہ سٹی اور پی ڈبلیو ڈی کے عوام کے مسائل سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ان ہائوسنگ سوسائیٹیوں میں ہزاروں گھر تعمیر ہو چکے ہیں لیکن سی ڈی اے کی طرف سے این او سی جاری نہیں کیا جا رہا سی ڈی اے کو ہدایت کی جائے کہ وہ این او سی جاری کر ے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سی ڈی اے کو بھی ہدایت جاری کی کہ ان ہائوسنگ سوسائیٹیوں کو فوری طور پر این او سی جاری کیا جائے۔ر رکن پنجاب اسمبلی پی پی 14راجہ محمدحنیف نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔