این ٹی ایس کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے‘ رانا تنویر

این ٹی ایس کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے‘ رانا تنویر

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی اسی ) سے متعلقہ مسائل کا جائزہ لینے کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی مسز یاسمین مسعود اور این ٹی ایس انتظامیہ کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔این ٹی ایس کے چیف آپریٹینگ افسر شیرزادہ خان نے کمپنی کو درپیش مسائل کے بارے میںوفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور کمپنی کے معاملات کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کے لئے انتظامیہ کے اصلاحی اقدامات کے بارے میں بتایا۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ این ٹی ایس نے اپنے زیادہ تر واجبات اور ٹیکسز ادا کر دیئے ہیں اور بقایاجات بھی ایف بی آر حکام کے ساتھ رقم طے ہونے کے بعد ادا کر دیئے جائیں گے۔ این ٹی ایس کے حکام نے وزیر کو بتایا کہ کمیٹی کئی سالوں سے شہرت یافتہ سرکاری اداروں بشمول نیب کی بھرتیوں کے لئے کام کر رہی ہے تاہم چند عناصر نے بغض وعناد سے کام لیتے ہوئے کمپنی کو بدنام کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔وفاقی وزیر نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ قواعد کے مطابق این ٹی ایس کو درپیش مسائل کا تجزیہ کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔کمیٹی ادارہ کو مزید فعال اور موثر بنانے کے لئے اپنی سفارشات وزارت کو بھیجے گی۔