بے نظیر قتل کیس: وزارت خارجہ کا مارک سیگل سے رابطہ نہ ہو سکا، رپورٹ طلب
راولپنڈی (ایجنسیاں) امریکی صحافی مارک سیگل سے رابطہ نہ ہونے پر سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ پیر کو مارک سیگل کے بیان پرجرح ہونا تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق سی پی او سعود عزیز اور سابق ایس پی خرم شہزاد وکلاءسمیت پیش ہوئے، ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر چودھری اظہر بیماری کے باعث پیش نہ ہو سکے۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کوآگاہ کیا کہ امریکی صحافی مارک سیگل سے وزارت خارجہ کا رابطہ نہیں ہوسکا، مارک سیگل سے رابطوں کے بعد جرح کےلئے تاریخ مقررکی جائے جس پر عدالت نے مارک سیگل کے بیان پر جرح کےلئے وزارت خارجہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ آن لائن کے مطابق خصوصی عدالت نے مارک سیگل کے ویڈیو لنک بیان پر جرح کے لئے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کو انتظامات مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت کو بتایا گیا سپیشل پراسیکیوٹر کے نہ پیش ہونے کی وجہ سے مقدمے کے مدعی کاشف ریاض پر جرح بھی نہیں ہو سکے گی۔
مارک سیگل/بیان