وزیراعظم نے آج اہم اجلاس بلا لیا دورہ کوئٹہ، طلال بگٹی کے انتقال پر تعزیت

وزیراعظم نے آج اہم اجلاس بلا لیا دورہ کوئٹہ، طلال بگٹی کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 125 کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے‘ سپریم کورٹ میں درخواست کے اندراج‘ دھاندلی کے حوالے سے جوڈیشل کمشن کی اب تک کی کارروائی‘ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی جانب سے فوج کے خلاف بیان بازی بارے معاملات پر غور و خوض کے لئے آج بدھ کو ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی سوچا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج (بدھ) کو کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پارلیمانی رہنمائوں کو پاکستان چین اقتصادی راہداری پر بریفنگ کیلئے 13 مئی کو مدعو کر لیا ہے۔ پارلمیانی رہنمائوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم منصوبے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کریں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم مختصر دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ گورنر محمد خان اور وزیراعلی بلوچستان محمد مالک بلوچ نے وزیراعظم نوازشریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف بگٹی ہاؤس پہنچے اور نوابزادہ طلال بگٹی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے نوابزادہ شاہ زین بگٹی سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔