راولپنڈی میٹروبس منصوبہ نا مکمل ہونے کے باوجود 9 مئی کو افتتاح کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے پچاس ارب روپے سے زائد کی رقم سے تیار کئے جانے والے نامکمل میٹرو بس منصوبے کا افتتاح9مئی کو کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف میٹروبس منصوبے کا افتتاح اپنی کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ راولپنڈی میں رحمان آباد سٹاپ کے مقام سے کریں گے اور بعد ازاں میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے میٹروبس کے اسلام آباد میں آخری سٹاپ سیکرٹریٹ تک سفر کریں گے اور آخری سٹاپ پر وزیراعظم اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ میٹروبس کی افتتاحی تقریب کے راولپنڈی میں اخراجات راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی اے) جبکہ اسلام آباد میں آنے والے اخراجات کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) برادشت کرے گی۔ نامکمل میٹرو بس کے افتتاح کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک سال سے زائد عرصے اور پچاس ارب روپے کی زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے اس منصوبے کا راولپنڈی میں مریڑ چوک اور موتی محل لئی پل کے مقام پر گراؤنڈ ورک تاحال مکمل نہیں ہوسکا، تاہم میٹرو پل سے بس گزر سکے گی جبکہ اسلام آباد فیز میں پشاور موڑ انٹرچینج کا کام تاحال بقیہ ہے جبکہ میٹرو بس ذرائع کے مطابق پشاور موڑ انٹرچینج کا کام مزید تین سے چار ماہ میں مکمل ہوسکے گا تاہم وزیراعظم کی افتتاحی بس اس مقام سے عارضی طور پر تعمیر شدہ سڑک سے گزارا جائے گا۔