آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ آج اسلام آباد آئیں گی‘سرتاج عزیز سے دو طرفہ مذاکرات کریں گی

آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ  آج اسلام آباد آئیں گی‘سرتاج عزیز سے دو طرفہ مذاکرات کریں گی

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)آسٹریلیا کی وزیر خارجہ  جولی بشپ  دو روزہ سرکاری دورہ پر آج بدھ کو  اسلام آباد پہنچ رہی ہیں۔  قیام اسلام آباد کے دوران  وہ  وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز سے  دو طرفہ  مذاکرات کریں گی جس کے بعد دونوں وزراء  پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ مذاکرات میں  تعلقات کو مزید فروغ دینے ، تجارت، توانائی، زراعت، سرمایہ کاری، تعلیم، سپورٹس اور دفاعی تعاون میں اضافے پر بات ہوگی۔ دوطرفہ تجارت کو بڑہانے اور اقتصادی روابط کو ترقی دینے کا معاملہ  ایجنڈہ کا حصہ ہو گا۔   مہمان وزیر خارجہ  وفاقی  وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،  وزیر منصوبہ بندی، احسن اقبال  وزیراعظم محمد نواز شریف  اور  چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گی، وہ  لاہور بھی جائیں گی جہاں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملیں گی۔