نواز شریف آج مشرق وسطیٰ کیلئے پاکستانی سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرینگے

نواز شریف آج مشرق وسطیٰ کیلئے پاکستانی سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرینگے

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف  مشرق وسطیٰ کیلئے آج   پاکستانی سفیروںکی کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پالیسی بیان دیں گے۔  وزارت خارجہ میں تین روزہ کانفرنس   پیر کو دوسرے روز بھی جاری رہی جس کے دوران مختلف خارجہ امور کے ماہرین اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں   مشرق وسطیٰ کی صورتحال ، خطے کے بعض مسلم ممالک کے درمیان حل طلب معاملات  میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی مطلوبہ حکمت عملی اور ان ممالک کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون میں فروغ اور استحکام کے امور پر غور کیا جارہا ہے۔  سعودی عرب ، قطر ، شام ، ترکی ، مصر ، ایران ، شام اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرقی وسطیٰ کے دیگر ممالک میں پاکستان کے سفیر کانفرنس میں شریک  ہیں۔ کانفرنس میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کے ممالک  میں آنے والی تبدیلیوں کے پاکستان  اور خطہ پر اثرات‘ خطہ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستانی  مفادات کے تحفظ  پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نئی پالیسی کی تشکیل کیلئے سفارشات تیار کی جائیں گی۔