مشرف پر مقدمے کے برے اثرات ہوں گے، فوج پر غداری کا داغ لگ جائیگا: اسلم بیگ

مشرف پر مقدمے کے برے اثرات ہوں گے، فوج پر غداری کا داغ لگ جائیگا: اسلم بیگ

اسلام آباد (وقت نیوز رپورٹ) سابق آرمی چیف اسلم بیگ نے کہا ہے کہ سول حکومت کو زعم ہوتا ہے کہ وہ بہت مضبوط ہے، موجودہ حکومت کو بھی یہی زعم ہے، مشرف پر مقدمہ انتقامی کارروائی ہے، اس کے برے اثرات مرتب ہوں گے۔ فوج پر غداری کا داغ لگ جائے گا، دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کا  موقف درست ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کسی اور کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ وقت نیوز کے پروگرام ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان تعلقات خراب ہوچکے ہیں۔ نواز شریف حکومت کی ترجیحات درست نہیں۔ نواز شریف کے مقابلے میں بے نظیر بھٹو کے اندر زیادہ سیاسی سوجھ بوجھ تھی۔ انہوں نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی۔ مشرف کے خلاف مقدمہ انتقامی کارروائی ہے۔ وزرا نے بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے جس سے معاملات زیادہ خراب ہوئے۔ ہماری مشرقی سرحدیں قبائلیوں کی وجہ سے ہمیشہ محفوظ رہی ہیں اور ہمیں وہاں کبھی فوج رکھنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ 2004ء میں فوجی قیادت اور مشرف کو گمراہ کیا گیا کہ مشرف پر حملہ کرنے والے افراد وزیرستان میں چھپے ہوئے ہیں جس پر وہاں فوج نے حملہ کردیا۔ اس دن سے وہ ہمیں مار رہے ہیں اور ہم انہیں مار رہے ہیں، یہ سب غلط ہوا ہے۔ جیو نیوز کی جانب سے ڈی جی آئی ایس آئی پر الزامات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس میڈیا چینل نے ڈی جی آئی ایس آئی پر الزامات لگائے جس سے ہمارے دشمنوں کو فوج پر انگلیاں اٹھانے کا موقع ملا۔