قوم سے کئے وعدے جلد پورے کرینگے: وزیر خزانہ

اسلام آباد (اے پی اے) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے جلد قوم سے کئے وعدے پورے کر ینگے، حکومت کی پائیدار معاشی پالیسیوں اور انتظام کی بدولت ملک کی اقتصادی سمت درست ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ وہ آستانہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک امریکی وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اسسٹنٹ سیکرٹری انٹرنیشنل مارکیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ مارسیلا لاگو کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی وفد کی سربراہ نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا اسکے نتیجے میں پاکستانی کرنسی کی قدر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام آیا ہے جس سے غیرملکی سرمایہ کاری کو ترغیب دینے میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں عالمی بینک کی جانب سے معاونت کا خواہاں ہے اور اس منصوبے میں امریکی حمایت کا خیر مقدم کریگا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب لائو جی وئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے چینی قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔   اس موقع پر چین کے وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے قیام کے پروگرام کی تعریف کی۔ ملاقات میں فریقین نے اس امید کا اظہار کیا  مجوزہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے دیگر اداروں کیساتھ ملکر کام کر سکے گی۔