عوام جنگ گروپ کا بائیکاٹ کریں‘ گیارہ مئی کو انصاف نہ ملا تو ملک بند کرا دینگے : عمران

عوام جنگ گروپ کا بائیکاٹ کریں‘ گیارہ مئی کو انصاف نہ ملا تو ملک بند کرا دینگے : عمران

اسلام آباد (ثناء نیوز+این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جیو نے جس طرح آٹھ گھنٹے تک آئی ایس آئی کو نشانہ بنایا اس طرح تو بھارت سمیت کوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ جنگ اور جیو گروپ کا بائیکاٹ کریں۔ میر شکیل الرحمان دبئی میں بیٹھ کر ملکی فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹریننگ ہی ایسی ہوئی ہے کہ وہ شکیل الرحمان سے جنگ کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں افتخار محمد چودھری پر اعتماد کیا تھا جوسب سے بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کس سے کہہ رہے تھے کہ انہیں الیکشن میں اکثریت چاہئے، الیکشن کی رات ابھی ووٹوں کی گنتی جاری تھی کہ وہ تقریر کرنے آگئے اور جشن منانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ مئی کو عوام ان کیلئے نہیں اپنے لئے نکلیں۔ انصاف نہ ملا تو 11 مئی کو ملک بند کرا دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر ملک میں جمہوریت ہوتی تو ڈی ریل ہوتی۔ 11 مئی کو صرف احتجاج ہی نہیں بلکہ دھاندلی کے خلاف ایک تحریک کا آغاز ہو گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ہم دھاندلی کے خلاف عدالت نہیں گئے ہم تمام قانونی طریقے آزمانے کے بعد احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن پہلے ہی خوفزدہ ہے اور ٹریبونل کے فیصلوں پر حکم امتناعی لے رہی ہے۔ ہم نے الیکشن کو تسلیم کیا مگر دھاندلی کو نہیں۔ جمہوریت کونسی سیدھی پٹڑی پر تھی جو ڈی ٹریک کر رہے ہیں۔ ہم شفاف اور آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دھاندلی سے متعلق مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے۔ ہمیں اب امید ہے کہ عوام نکلیں گے۔ عوام کے دباؤ کے بعد لوگوں کو پتہ چلے گا کہ اصل میں ہوا کیا ہے وہ ووٹ کس کو دیتے ہیں اور جیت کوئی اور جاتا ہے۔ مجھے اگر کوئی کہے کہ میں چار حلقوں میں لڑا اور تین میں جیت گیا ہوں مجھے کوئی کہے کہ کسی حلقے میں دوبارہ گتنی کرنے دے۔ میں کہوں گا کرا دو تو پھر حکومت کو کیوں اور کس بات کا ڈر ہے ڈر صرف اس لئے ہے کہ ان کو پتہ ہے کہ ہوا کیا ہے یہ اس لئے تیار نہیں ہورہے کہ ان کی کارناموں کا عوام کو پتہ نہ چل جائے۔ عمران خان نے کہا کہ گیارہ مئی کو تحریک انصاف کے کارکن آندھی اور طوفان کی طرح ڈی چوک کا رخ کریں گے۔ راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا دیں گے۔ تحریک انصاف کے ورکرز اسلام آباد کے کونے کونے میں پھیل جائیں اور 11مئی کو یہ بات ثابت کریں کہ عوام دھاندلی زدہ اور جھوٹے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتی کیونکہ امریکی فنڈز سے عوام کے اصل مینڈیٹ کو سامنے نہیں آنے دیا گیا۔ بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 11مئی 2013کو نواز شریف، سابق چیف جسٹس چودھری محمد افتخار اور دیگر نے مل کر عوام کے مینڈیٹ پر شبخون مارا اور امریکی فنڈز سے عوام کے اصل مینڈیٹ کو سامنے نہیں آنے دیا۔ الیکشن کو ایک سال گزرنے کے باوجود مہنگائی، لوڈشیدنگ، دہشت گردی اور لاقانونیت نے یہ بات ثابت کردی کہ جعلی مینڈیٹ پر آنے والی حکومتیں عوام کے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتیں۔ ضلعی صدر عامر مغل نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم اور تمام کارکنان عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے 11مئی کو ہر قیمت پر ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے اور ثابت کریں گے کہ اسلام آباد کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے۔ عمران خان نے یوتھ ونگ اسلام آباد کی خصوصی ذمہ داری لگائی کہ نوجوانوں کو 11مئی کے جلسے کے لئے خصوصی طور پر تیار کریں اور ڈور ٹو ڈور جاکر اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسلام آباد کا ہر نوجوان 11مئی کو ڈی چوک اسلام آباد میں موجود ہو۔