صوابدیدی اختیارات کے تحت رقم خرچ کرنے پر پابندی، نظرثانی کی حکومتی اپیل، سماعت آج ہوگی

اسلام آباد (ثناء نیوز) حکومتی صوابدیدی اختیارات کے تحت رقم خرچ کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نظر ثانی کے لئے وفاق کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت آج (منگل کو) ہو گی۔ عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بنچ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے فیصلے پر نظرثانی کے لئے وفاق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اپنے دور کے آخری دس ایام میں اربوں روپے نکلوانے پر از خود نوٹس لے کر کیس کی سماعت کر کے فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت کے اس فیصلہ سے حکومت کو مشکلات درپیش ہیں۔ وفاق کی جانب سے دائر نظرثانی کی اپیل میں حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کے قیام سے اب تک یہ معمول تھا حکومت اسی بنیاد پر ترقیاتی کام جاری رکھتی تھی لیکن عدالت کی جانب سے پابندی کے بعد مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لئے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔