اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری نہ ہونے پر ہائیکورٹ نے 2 ہفتے میں جواب مانگ لیا
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں لوکل باڈیز الیکشن کا شیڈول جاری نہ کرنے پر تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت میں چیف کمشنر اسلام آباد، وزارت قانون بذریعہ سیکرٹری اور سیکرٹری الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر کی درخواست کی جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ اسلام آباد میں لوکل باڈیز الیکشن کا شیڈول کا اعلان نہیں کیا جا رہا جس سے عوام کے بنیادی حقوق پامال ہورہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے لوکل باڈیز الیکشن کے شیڈول کا اعلان نہ کرنا خلاف قانون ہے کیونکہ دیگر صوبوں میں حکومتوں نے بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمشن کو خطوط جاری کئے ہیں۔