سکیورٹی صورتحال‘ وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کا فول پروف پلان تشکیل دے دیا ہے، اس سلسلے میں پورے ملک کی سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے وزارت داخلہ میں ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل میں قائم کیا گیا ہے جو لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھے گا اور وفاقی وزیر داخلہ کو تمام تر صورتحال سے باخبر رکھے گا۔ عید کے اجتماعات اور شہر کی عمومی سکیورٹی کیلئے پولیس، ایلیٹ فورس، گھڑ سوار دستے، موٹرسائیکل سوار اہلکار، کوئیک رسپانس فورس، لیڈیز پولیس رضاکاروں اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے جائیں گے، مساجد امام بارگاہوں اور مدارس کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائیگی، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی ناکے لگائے جائیں گے اور خصوصی سکیورٹی دستے عید کی رات سے شہر میں گشت کریں گے۔ عید کے اجتماعات میں داخلہ کے مقام پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے، حمانی اور میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی پولیس فورس تعینات کی جائے گی، نماز عید کی ادائیگی کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی شہر کی فضائی نگرانی کی جائے گی، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں گشت کی نگرانی کریں گے۔