نادرا کے ریکارڈ میں پرویز مشرف تاحال حاضر سروس جنرل اور ایوان صدر میں مقیم ہیں

اسلام آباد (ثناءنیوز) حیرت انگیز اور دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے ریکارڈ کے مطابق سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف تاحال حاضر سروس جنرل اور ایوان صدر میں رہائش پذیر ہیں۔ نادرا کے ذرائع نے بتایا کہ ان کے ریکارڈ میں جنرل مشرف کا ایڈریس پریزیڈنٹ ہاﺅس، اسلام آباد اور ان کا نام اس وقت بھی جنرل پرویز مشرف درج ہے۔ ان کی جائے پیدائش ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے مطابق دہلی (انڈیا) ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ کسی شناختی کارڈ کے حامل فرد کو اس کا پیشہ ورانہ ٹائٹل اپنے نام کے ساتھ شامل کرنے کی اجازت نہیں ہے لیکن نادرا کے سابق چیئرمین بریگیڈیئر (ر) سلیم معین نے پرویز مشرف کے معاملے میں خصوصی رعایت سے کام لیا اور سابق صدر کا شناختی کارڈ زندگی بھر کے لیے جاری کیا۔ نادرا کی ترجمان ناز شعیب سے جب اس معاملے پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کی ذمہ داری شناختی کارڈ کے حامل فرد کی ہوتی ہے اور پرویز مشرف نے اب تک اس سلسلے میں کوئی درخواست نہیں دی ہے۔