وزیر داخلہ سے آئی جی ایف سی خیبر پی کے کی ملاقات، سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

وزیر داخلہ سے آئی جی ایف سی خیبر پی کے کی ملاقات، سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی سے آئی جی ایف سی خیبر پی کے نے ملاقات کی جس میںچوہدری نثار نے فرنٹیئر کور کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ ملاقات میں صوبے کی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئی جی ایف سی خیبر پی کے نے وزیر داخلہ کو خیبر پی کے کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ چند سال میں ایک ہزار سے زائد افسران اور جوان شہید ہوئے، وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، وزیر داخلہ نے ایف سی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں ایف سی کا کردار قابل تعریف ہے۔ میجر جنرل  غیور محمود نے بتایا کہ مختلف آپریشنز کے دوران  اب تک 1009 آفیسرز اور دیگر رینکس کے جوان شہید اور2979 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ایف سی ملک کی خدمت کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے پرعزم ہے۔ چوہدری نثار نے فرنٹیئر  کانسٹبیلری کے انسپکٹر جنرل اورانکی فورس کی فرائض کی ادائیگی  کیلئے بہادری کا مظاہرہ کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی قربانیون کو مدنظر رکھتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ کی مالی معاونت کیلئے مختص بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف خدمات سرانجام دینے والی فورس کی استعدادِ کار اور حالات زندگی کی بہتری کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر سے ملاقات  کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی عرب کی قیادت کا انتہائی عزت و احترام کرتے ہیں۔ سعودی وزیر داخلہ شہزادہ سعود الفیصل کے آئندہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی قیادت  کے دوروں سے  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر داخلہ بھی پاکستان کا دورہ کریں  گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین سیکورٹی سے متعلق تعاون کو فروغ دینے، غیرقانونی تجارت کی روک تھام اور قیدیوں کے تبادلوں  سے متعلق کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئے جاسکتے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان   سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات  کو نئی جہت ملے گی۔