مشرف لال مسجد آپریشن کے ذمہ دار ہیں، سابق ایم این اے شاہ عبدالعزیز اور ابراہیم پراچہ کا بیان ریکارڈ

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سابق ایم این اے مولانا شاہ عبدالعزیز اور جاوید ابراہیم پراچہ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔ مولانا شاہ عبدالعزیز نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف لال مسجد آپریشن کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے مسئلے کا حل نکالنے کے بجائے گولی کا استعمال کیا۔ شاہ عبدالعزیز نے کہا انہیں مذاکرات کیلئے لال مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جنرل ریٹائرڈ طارق مجید اور جنرل ریٹائرڈ مہدی حسن نے لال مسجد انتظامیہ سے مذاکرات کرنیوالوں کو روکا۔ سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ نے اپنے بیان میں کہا کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ایک جرنیل نے انہیں پہلے بتا دیا تھا کہ مشرف لال مسجد آپریشن کا ارادہ رکھتا ہے، یہ جھوٹ ہے کہ جامعہ حفصہ کی طالبات نے لائبریری کا قبضہ نہیں چھوڑا تھا۔ طالبات نے ان کی اور اعجاز الحق کی موجودگی میں لائبریری کا قبضہ چھوڑ دیا تھا۔