پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت سے بامعنی مذاکرات چاہتا ہے: سیکرٹری خارجہ

 اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + این این آئی) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری  نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت سے بامعنی  مذاکرات چاہتا ہے۔ امریکہ پاکستان کا اہم اتحادی ہے۔  میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں  نے کہا کہ اندرونی معاملات ہوں یا بیرونی مفاہمت کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں ایل او سی  پر تجارت  کی بحالی پر بات چل رہی ہے۔ اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا اہم اتحادی ہے جس کے باعث طالبان سے مذاکرات پر امریکہ کو اعتماد میں لیا ہے۔ امریکہ خود بھی افغان طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے اور پاکستان کا اہم اتحادی ہونے کے باعث حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر امریکہ کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ امریکہ اور افغانستان سے متعلق پاکستان کی پالیسی مفاہمت پر مبنی ہے اور پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے مابین اعتماد سازی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت سے بامعنی مذاکرات چاہتا ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر تجارت کی بحالی پر بھی بات چل رہی ہے۔کینسر کے عالمی دن کے حوالے سے اعزاز احمد نے کہاکہ وہ بھی کینسر جیسے موذی مرض سے بچ جانے والوں میں سے ایک ہیں اور مجھے فخر ہے کہ میرا علاج میرے اپنے ملک میں ہوا اور آج میں بالکل ٹھیک ہوں۔