ایران جانے سے دفتر خارجہ کے روکنے پر چیئرمین سینٹ برہم، سیکرٹری خارجہ کی طلبی

اسلام آباد (سجاد ترین/ خبرنگار خصوصی) دفتر خارجہ نے چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری کو 18فروری کو ایران میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے سے روک دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پارلیمنٹرین یونین آف اسلامک کنٹریز کی نویں کانفرنس میں بطور  صدر ایشین پارلیمانی اسمبلی مدعو کیا گیا تھا ایرانی سپیکر علی لاریجانی نے پاکستان میں متعین اپنے سفیر کے ذریعے دعوت نامہ بھجوایا۔ چیئرمین سینٹ نے دعوت قبول کرنے کے بعد اطلاع دفتر خارجہ کو دی۔ ذرائع نے بتایا کہ دفتر خارجہ نے گذشتہ روز سیکرٹری سینٹ کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینٹ اس کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری اس ’’ہدایت‘‘ پر برہم ہو گئے اور گذشتہ روز سیکرٹری خارجہ کو طلب کرکے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ خودمختار ہے اس میں ایگزیکٹو کی مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔