وفاقی ‘صوبائی محکمے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کریں: زرداری

وفاقی ‘صوبائی محکمے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کریں: زرداری

اسلام آباد (اے پی پی) صدر آصف علی زرداری نے ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب میں جانی ضیاع اور تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے سوگوار خاندانوں اور بارش کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی محکموں سے کہا متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں اور پانی میں گھرے ہوئے لوگوں کو نکالا جائے۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے کرنٹ لگنے کے سبب کئی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو رونما ہونے سے روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کرنے اور انہیں خیمے، راشن ، پانی اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کے لئے بھی کہا ۔ صدر نے متعلقہ حکام سے کہا پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاﺅ کو بھی روکا جائے۔ انہوں نے زور دیا متاثرہ لوگوں کےلئے میڈیکل کیمپ قائم کئے جائیں جبکہ خواتین، بچوں اور معمر افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کی دوبارہ آبادکاری کے لئے اپنی بہترین کوششیں کریں گی۔