اسلام آباد میں سکیورٹی عید تک ہائی الرٹ، کمانڈوز دستے تعینات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این) وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر پر کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ اتوارکوایس ایس پی آپریشن اسلام آباد ڈاکٹر رضوان نے صحافیوں کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں عید کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پولیس ، نیوی اور فضائیہ کے کمانڈوز پر مشتمل 30 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، کمانڈوز کو مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی تعینات کیا گیا ہے اور مارگلہ کی پہاڑیوں پر سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔ عید کے موقع پر حساس مقامات اور عمارتوں پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائیگی۔ اس دوران فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہے گی۔ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کا مﺅثر نظام عمل میں لایا جائیگا۔ کسی کو بھی جامہ تلاشی کے بغیر وفاقی دارالحکومت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔