ملک فرقہ وارانہ کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ علماء کردار ادا کریں: فضل الرحمن

اسلام آباد (جی این آئی) جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک فرقہ وارانہ کشیدگی اور تشدد کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ طاہر محمود اشرفی اور مولانا زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں علماءکے وفد نے اسلام آباد میں جے یو آئی کے سربراہ سے ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ علماءمتحد ہو کر معاشرے کو فرقہ وارانہ کشیدگی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک میں پہلے شیعہ سنی فسادات کروانے کی سازش کی گئی اور اب دیوبندی بریلوی فسادات کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ملک میں مذہب کے نام پر افراتفری اور فسادات کی تمام کوششیں متحد ہو کر ناکام بنا دیں گے۔