قوم کیلئے 2 سال مشکل اس کے بعد اچھا وقت آئے گا: احسن اقبال

اسلام آباد (جاوید صدیق) منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قوم کے لئے دو سال مشکل ہیں اس کے بعد اچھا وقت آئے گا‘ موجودہ حکومت کے بارے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تاثر یہ ہے کہ یہ ایک دیانتدار حکومت ہے۔ گزشتہ رات جرمنی کے یوم اتحادکی تقریب میں نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب وزراءمحنت کر رہے ہیں کوئی بھی ایسا وزیر نہیں جو رات دو سے تین بجے تک کام نہیں کرتا۔ ان سے پوچھا گیا کہ بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا ہے عوام بھی ناراض ہیں جس پر احسن اقبال نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن نیپرا نے جاری کیا ہے اس پر ہماری پوزیشن کل واضح ہو جائے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پاس ایک آپشن یہ ہے کہ ہم نوٹ چھاپیں اور گزارا کریں‘ دوسرا آپشن مشکل فیصلے ہیں‘ ہم نوٹ چھاپ کر ملکی معیشت کا بیڑا غرق نہیں کرنا چاہتے البتہ مشکل فیصلے کر رہے ہیں‘ قوم کو تھوڑا عرصہ برداشت کرنا پڑے گا۔
احسن اقبال