آرمی چیف نے 11 دہشت گردو ں کو سزائے موت کی توثیق کردی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز مزید گیارہ ایسے دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی توثیق کردی ہے جو دہشتگردی اور اغوا کی سنگین واردتوں سمیت تعلیمی اداروں اور مواصلاتی نظام تباہ کرنے میں ملوث تھے۔ ان افراد پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے جس دوران الزامات ثابت ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والوں کا تعلق کالعدم تحریک پاکستان سے ہے۔ جن مجرموں کو سزا کی توثیق کی گئی، ان میں محمد عمر، حمید اللہ، رحمت اللہ، محمد نبی اور مولوی دلبر خان، اور رضوان اللہ، گل رحمن، محمد ابراہیم، سردار علی، شیر محمد خان اور محمد جواد بھی سزا موت پانے والوں میں شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں سزا پانے والوں کے جرائم اور تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں جن کے مطابق محمد عمر ولد دلیل خان ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا۔ وہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔ جن کے نتیجے میں متعدد فوجی ہلاک اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ حمید اللہ ولد محمد غازی، رحمت اللہ ولد عمر دین، محمد نبی ولد دلاور شاہ اور مولوی دلبر خان ولد کاشکر سمیت چاروں مجرم ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن تھے۔ یہ چاروں سینئر سپرنٹینڈنٹ پولیس محمد ہلال خان، کرنل مصطفیٰ جمال اور کیپٹن اشفاق پر حملے میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں تینوں ہلاک ہوئے۔ رضوان اللہ ولد تاج میر خان ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا جو واپڈا کے ملازمین کو اغواء کرنے، شہریوں کی ہلاکت اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا۔ گل رحمان ولد زرین تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم کارکن مسلح افواج پر حملے میں ملوث تھا۔ جس کے نتیجے میں ایک فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوا۔ محمد ابراہیم ولد مسین ٹی ٹی پی کارکن ایک پل کی تباہی میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری اور فوجی ہلاک ہوا۔ سردار علی ولد محمد اکرم خان ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا۔ وہ مسلح افواج پر حملے اور تعلیمی اداروں کی تباہی میں ملوث پایا گیا۔ شیر محمد خان ولد احمد خان ٹی ٹی پی کے سرگرم کارکن شہریوں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔ محمد جواد ولد محمد موسیٰ تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے قتل میں مجرم ثابت ہوا۔