ٹیکس کی عدم ادائیگی، سی ڈی اے، ایکسائز نادرا کے 114افسروں کی تنخواہ قرقی کا فیصلہ

اسلام آباد (وقار عباسی سے) ایف بی آر کی ہدایت پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے سی ڈی اے، ایکسائز ٹیکسیشن اور نادرا کے 114افسران کی جانب سے انکم ٹیکس ادا نہ کرنے پر انکی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان افسران کے ذمے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا انکم ٹیکس گزشتہ 8برسوں سے واجب الادا ہے۔ نوائے وقت کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ ڈاکٹر شیخ سلیمان کے ذمے 19لاکھ 25ہزار، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی ندیم اکبر کے ذمے 28لاکھ، سینئر سپیشل مجسٹریٹ ڈائریکٹر انعام الرحیم، ظفر الدین، نور خان، ڈاکٹر نزہت شجاع کے ذمہ 28-28 لاکھ، ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز حسن کے ذمے 6 لاکھ 43 ہزار اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر میاں طارق زیب کے ذمے 18 لاکھ 40 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نادرا کے درجنوں افسران کے ذمہ بھی کروڑوں روپے کے انکم ٹیکس واجبات ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ان افسران سے واجبات کی وصولی کے لئے ان کی تنخواہیں قرق کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سی ڈی اے افسران کی رواں ماہ کی تنخواہیں اٹیج بھی کرلی گئی ہیں۔ سی ڈی اے اور دیگر افسروں پر یہ ٹیکس کروڑوں روپے کے پلاٹس کی بدولت ڈالا گیا ہے۔