فاٹا میں نئی صنعتوں کے قیام پر ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2015--16 کے وفاقی بجٹ میں فاٹا میں نئی صنعتوں کے قیام پر ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیاہے۔اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے(فاٹا)سے تعلق رکھنے والے تاجروں، صنعتکاروں و سرمایہ کاروں کی جانب سے وفاقی حکومت کو تجویز دی گئی تھی اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اعلی سطح کے وفد نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)طارق باجوہ سے ملاقات بھی کی تھی۔جس میں مذکورہ وفد نے چیئرمین ایف بی آر کو صنعتوں کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا اوردہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے باعث ہونے والے نقصانات سے انڈسٹری کو پہنچنے والے نقصانات اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ فاٹا میں صنعتوں کے فروغ کیلئے انڈسٹری میں استعمال ہونے والے خام مال پر بھی رعایتیں دی جائیں گی۔