خیبر پی کے حکومت شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکام ہوگئی: پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت خیبرپی کے میں پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ناکام ہوگئی جس پر عمران خان کو صوبہ کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ نیوز چینلز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے بلدیاتی انتخابات میں بے قاعدگیاں اور دھاندلی دونوں ہی ہوئیں کیونکہ حکومتی مشینری کو ووٹرز پر اثرانداز ہونے کیلئے بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے مئی 2013ء کے منصفانہ اور شفاف انتخابات کیخلاف بدامنی کا ماحول پیدا کیا۔بلدیاتی انتخابات میں 75 فیصد ووٹ پی ٹی آئی کیخلاف جبکہ صرف 25 فیصد ووٹ حق میں پڑے جو صوبہ میں پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ 2013ء کے عام انتخابات کے بارے میں اگلے دن اخبارات میں مثبت خبریں تھیں تاہم خیبرپی کے میں بلدیاتی انتخابات کے متعلق خبریں بدنظمی اور پولیس اور انتظامیہ کی بدانتظامی سے متعلق تھیں۔ عمران نے خود اعتراف کیا کہ بلدیاتی انتخابات شفاف انداز میں نہیں ہوئے اور اب انہیں اس داغ کو دھونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو دھاندلی اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو پارٹی سے نکالنا چاہئے، اسکے علاوہ پولیس اور انتظامیہ میں بدانتظامی کے دمہ داروں کو بھی فارغ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ان لوگوں کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان عوام میں کرنا چاہئے اور آئندہ ایسے لوگوں کو ٹکٹس نہ دیئے جائیں۔