نیب نے 2295 افراد کیخلاف تحقیقات کی، 309 کو سزا ہوچکی : پرویز رشید
اسلام آباد (آن لائن+آئی این پی ) وفاقی وزیرقانون وانصاف پرویزرشیدنے کہاہے قومی احتساب بیورونے قومی خزانے کونقصان پہنچانے میں2295 ذمہ داران کی چھان بین کی اور 801 ذمہ داران کیخلاف تحقیقات ہوئیں اور 687 افراد کا احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکئے گئے جس میں 309 کواب تک سزادی جا چکی ہے ،نیب کی کارروائی کو بہتر بنانے کیلئے ارکان تجویز دیں، حکومت عملدرآمد کرائیگی۔ ایوان میں وقفہ سوالات پرتعلیم کے متعلقہ حکام کی عدم موجودگی پر سپیکر ایاز صادق نے اظہار برہمی کیا جبکہ سیکرٹری پٹرولیم کو چیمبر میں طلب کرلیا۔ پٹرولیم کے حوالے سے 16 سوالات حکام کی عدم موجودگی کے باعث مؤخر کردئیے۔ پرویز رشید نے اسلامی نظریاتی کونسل کی 2010-11, 2009-10ء اور 2011-12ء کی رپورٹیں قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ وقفہ سوالات میں بتایا گیا پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے بنے چھوٹے ہتھیار امریکہ، یورپ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک کو فروخت کئے جارہے ہیں۔ 17 ویں قومی ترمیم کے بعد کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کیلئے قانون سازی صوبوں کے اختیار میں ہے، فیملی کورٹ بھی 18 سال سے کم عمر کی شادیوں کی روک تھام یقینی بنائیگی۔ سکھر، ملتان موٹروے 240 ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگی، پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت کئی امور پر کام ہورہی ہے، رپورٹ پارلیمنٹ میں آئیگی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے درمیان ایوان میں مکالمہ ہوا۔ شیخ رشید نے کہا شکر ہے میں نے استعفیٰ نہیں دیا ورنہ آپ دو منٹ میں منظور کرلیتے۔ سردار ایاز صادق نے کہا آپ دو منٹ کی بات کرتے ہیں، میں ایک سیکنڈ لگاتا، شیخ صاحب! آپکے ساتھ بھی وہی سلوک کرتا جو پی ٹی آئی کے ساتھ کیا۔ شیخ رشید نے سوالات کے دوران اچانک اٹھ کر کہا کیا مردوں نے سوال کرنا بند کردئیے ہیں، سب اطراف سے صرف خواتین کے ہی سوالات آرہے ہیں۔ طاہرہ اورنگزیب نے سوال کرتے ہوئے شیخ رشید سے کہا بھائی جان! ذرا میری جانب توجہ مبذول فرمائیے، اس پر ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار الگ تھلگ اور اکیلے بیٹھے رہے۔