اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دیگا: صدر ممنون
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر )صدر مملکت سید ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم سب کو منظم ہو کر بد عنوانی کے خلاف جہاد کرنا ہے، بہت کچھ ہو چکا، اب ہمیں بد عنوانی کا خاتمہ کرنا ہے۔ موجودہ حکومت کو 14800 ارب روپے قرضہ ورثہ میں ملا گزشتہ دور حکومت میں 8000 ارب روپے قرضہ لیا گیا لیکن کوئی بڑا منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ دنیا اور ہمارا خطہ اقتصادی اعتبار سے تبدیلیوں کی تیاری میں ہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان ہی نہیں پورے خطہ کی تقدیر بدل دیگا، عوام اس منصوبہ کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کریں منصوبہ پر کام شروع ہو چکا ایف ڈبلیو او نے بلوچستان میں 500 سے 700 کلو میٹر لمبی سڑکیں بنا دی ہیں منصوبہ سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا خواتین ضرورتعلیم حاصل کریں لیکن مغرب کی اندھی تقلید نہ کریں وہ جہاں جائیں اپنے عمل سے ثابت کریں وہ پاکستان کی بیٹی ہیں۔ان خیالات کااظہار صدر نے نیشنل یونیورسٹی آف امرجنگ سائنسز کے 39 ویں کانووکیشن سے خطاب میں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کہ اگر کوئی طالب علم زندگی کے سفر میں کامیابی حاصل کرتا ہے لیکن کسی کامیابی کا حصول اسوقت تک ممکن نہیں ہوتا جب تک والدین،اساتذہ کرام، معاشرہ اور ریاست اس کا ساتھ نہ دے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لیے میری حمایت ہمیشہ جاری رہے گی، زمین کی خریداری کے حوالے سے وزیراعظم سے بات کروں گا اور جس قیمت پر دیگر یونیورسٹیوں کو زمینیں دی گئیں اسی قیمت پر اس یونیورسٹی کو بھی زمین دی جائے۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا کے بعض خطوں میں کچھ قوموں کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے سلسلے میں امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے خاص طورپر فزکس کی تعلیم میں یہ امتیاز بہت نمایاں ہے۔ گزشتہ روز 40 ویں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو قومیں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے جاتی ہیں وہ ترقی کرتی ہیں۔ صدر نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ تجارت ہو یا معیشت‘ دفاعی شعبہ ہو یا معاشی میدان ان میں ترقی کیلئے سائنس اور ٹیکنالوجی میں دسترس ہونا ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں سائنس کے شعبہ کو ترقی دینے کے تمام تر اقدامات کرنا ہوں گے۔ صدر نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور دوسرے اداروں کی تعریف کی جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود پاکستان میں سائنس کی تعلیم اور ترویج کے لئے اپنا کردارادا کیا۔