دھرنے کے شرکاء نے پانی کی پائپ لائنوں میں سوراخ کر کے غسل اور کپڑے دھونے کا بندوبست کر لیا
اسلام آباد (آن لائن) ریڈ زون میں موجود انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے شرکاء نے چند جگہوں پر موجود پانی کی پائپ لائنوں میں سوراخ کرکے اپنے غسل اور کپڑے دھونے کا بندوبست کر لیا استعمال کے بعد لکڑی کے ٹکڑے ٹھونک کر بند کر دیا جاتا ہے۔ انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکاء پاک سیکرٹریٹ کے نزدیک پی ٹی وی عمارت کے متوازی گرین بیلٹ سے گزرنے والی پانی کی پائپ لائن اور کیبنٹ سیکرٹریٹ کے سامنے موجود پانی کی پائپ لائنوں میں سوراخ کر کے سارا دن ان دونوں مقامات پر غسل، وضو اور کپڑے دھونے میں مصروف رہتے ہیں۔ گذشتہ بیس دن کہ جب سے پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین کو بنیادی طور پر نہانے اور کپڑے دھونے کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں دھرنوں کے شرکا پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار پر لگے درختوں پر دھلے کپڑے پھیلا کر سکھانے لگے ہیں جبکہ انقلاب مارچ کے شرکاء اینٹوں کے چولہے بنا کر چائے بھی تیار کرتے ہیں۔