خصوصی پرواز لیبیا سے 261 پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچ گئی
اسلام آباد (ثناء نیوز) خصوصی چارٹر پرواز لیبیا سے 261 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ۔ پاکستانی شہریوں کو لے کر وطن آنے والی یہ چوتھی پرواز ہے ۔ دفتر خارجہ کے مطابق منگل کے روز لیبیا سے خصوصی چارٹر پرواز 261 پاکستانیوں کو لے کر لاہور پہنچی ہے یہ چوتھی پرواز ہے جو گزشتہ چند ماہ میں پاکستانی شہریوں کو لے کر وطن پہنچی ۔ہزاروں پاکستانی لیبیا کی خراب صورت حال کی وجہ سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں ۔ ان کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ میں 3 ہزار شہریوں کے لئے ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں متاثرہ 6000 پاکستانیوں کو نکالنے اور سہولیات مہیا کرنے کے لئے وزارت خارجہ میں کرائسسز مینجمنٹ سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ ان کوششوں میں وزارت خزانہ ، ایوی ایشن ڈویژن اور او پی ایف وزیر اعظم کی ہدایت پر مل کر کام کر رہے ہیں۔