زرداری نے خورشید شاہ کو اپوزیشن سے مذاکرات آگے بڑھانے کا اختیار دے دیا

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
زرداری نے خورشید شاہ کو اپوزیشن سے مذاکرات آگے بڑھانے کا اختیار دے دیا

اسلام آباد (ثناءنیوز) صدر آصف علی زرداری نے حکمران اتحاد کے چیف وہپ وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کو اہم قومی مسائل پر اپوزیشن کی بڑی جماعت سے مذاکرات آگے بڑھانے کا اختیار دے دیا ہے ۔ دو طرفہ لچک کے نتیجہ میں اہم قانون سازی، صوبوں کے بارے میں پارلیمانی کمشن ، نگران سیٹ اپ سے متعلق معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پیش رفت کا قوی امکان ہے۔ سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی تجاویز سے پارٹی کے صدر محمد نواز شریف کو آگاہ کر دیا ہے رواں ہفتے حکومت و اپوزیشن کی ٹیموں کے درمیان پنجاب ہاﺅس میں مذاکرات کے لئے مشاورت شروع ہوگئی ہے صدر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کی کامیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ خورشید شاہ نے صدر کو سینیٹر اسحاق ڈار اور سردار مہتاب احمد خان سے حالیہ ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا تھا ۔ صدر نے حکومت اپوزیشن کے درمیان بات چیت کے لئے رابطوں کو خوش آئند قرار دیا۔ قومی مسائل پر پاکستان پیپلزپارٹی اور حکمران تحاد کی پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جو آج اور کل اجلاس ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومت کی جانب سے کئے گئے رابطے اور بات چیت سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے ۔آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی کے محدود سرکردہ رہنماﺅں کے مشاورتی اجلاس میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس مری میں ہو گا ۔ قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نگران وزیر اعظم کی نامزدگی کے معاملے پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی اپوزیشن جماعتوں بشمول قوم پرست جماعتوں سے رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی بڑی جماعت صورت حال کے حوالے سے حکومت کو تجاویز سے آگاہ کرنے کو تیار ہو گئی ہے۔ ان تجاویز کو نگران وزیراعظم، پارلیمانی کمشن اور شفاف انتخابات اور اس کے روڈ میپ تک محدود رکھا گیا ہے۔