درست ووٹر لسٹ شفاف الیکشن کی جانب پہلا قدم ہے: فخر الدین ابراہیم

درست ووٹر لسٹ شفاف الیکشن کی جانب پہلا قدم ہے: فخر الدین ابراہیم

اسلام آباد (خبرنگار) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے درست ووٹر لسٹ آزاد شفاف اور مستند الیکشن کی جانب پہلا قدم ہے۔ ووٹر لسٹ میں صرف نام درست ہونا ہی کافی نہیں ووٹ ڈالنے کی درست جگہ کا اندراج بھی ضروری ہے۔ عوام، سیاسی جماعتوں اور میڈیا پر زور دیا وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور لسٹوں میں ناموں اور ایڈریس کے غلط اندراج کو فوری طور پر درست کروائیں اور نئی ووٹوں کے اندراج کے لئے کردار ادا کریں۔ 31 مئی کے بعد جو افراد 18 سال کی عمر کو پہنچے ہیں اور انہوں نے شناختی کارڈ حاصل کر لیا ہے وہ بھی ووٹ کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن آف پاکستان نے پہلے ہی موبائل فون کے ذریعے عوام کو ووٹ کی تفصیلات معلوم کرنے کی سہولت دی ہوئی ہے۔ اپنے شناختی کارڈ کا نمبر لکھ کر 8300 پر بھیجنے سے واپسی پر تمام تفصیلات معلوم ہو جاتی ہیں۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے تمام دفاتر کو ہفتے کے ساتھ دن کھلے رکھنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔