حکومت الیکشن سے فرار چاہتی ہے، بھاگنے نہیں دینگے: منور حسن

حکومت الیکشن سے فرار چاہتی ہے، بھاگنے نہیں دینگے: منور حسن

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + خصوصی نامہ نگار + بی بی سی اردو) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور کرپشن لازم و ملزوم ہیں جب تک عوام چوروں اور کرپٹ لوگوں کو ووٹ دیتے رہیں گے گیلانی اور راجے برسراقتدار آتے رہیں گے۔ صدر زرداری نے بلدیاتی انتخابات قومی انتخابات سے قبل کرانے کا اعلان کرکے ان خدشات کو صحیح ثابت کر دیا ہے کہ حکمران قومی انتخابات کو بروقت کرانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ حکومت میں شامل چار کا ٹولہ اپنے اقتدار کو مزید طول دے کر عوام کے دکھوں میں مزید اضافے کا سبب بنے گا اس لئے اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہو کر گرینڈ الائنس بنا کر کرپٹ حکمرانوں کے خلاف میدان میں نکلیں اور تحریک کے ذریعے موجودہ کرپٹ حکمرانوں کو متفقہ عبوری حکومت کے تحت بروقت انتخابات کرانے پر مجبور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے سامنے چوروں، لٹیروں اور ان کے وسائل کو ہڑپ کرکے انہیں زندگی کی تمام نعمتوں سے محروم کر دینے والوں کے چہرے بارہا بے نقاب ہو چکے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ ایسے لوگوں کا ناقطہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا جائے اور جس طرح انہوں نے عوام کو محروم و مجبور کیا ہے ان سے تمام حساب برابر کر دئیے جائیں۔