ہم سے استعفیٰ مانگنے والوں نے کراچی میں گٹر کے ڈھکن بھی بیچ دیئے: طلال چودھری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ کی پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ (ن) کے رکن طلال چودھری نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والے ٹی او آر بنانے کیلئے ایک ساتھ بیٹھ گئے اگر کسی قسم کی سازش کی گئی تو عوام کی عدالت فیصلہ کرے گی سارا اتحاد کرپشن مٹائو ملک بچائو نہیں بلکہ اتحاد بنائو چوری بچاؤ کیلئے بنایا گیا۔ عمران اپنے لوگوں کو بچانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں جہانگیر ترین نے قرضے معاف کرائے خان صاحب نے آصف زرداری سے دوستی کس طرح پر کی اس بات کا جواب دیں جس کو بلورانی کہتے تھے کب سے وہ بلو عمرانی ہوئی ہے الیکشن کمشن اپنا فیصلہ سنا کر پی ٹی آئی کی جعلسازی کو جلد بے نقاب کرے گا عمران خان کو وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے ان جیسا ویژن رکھنا ہوگا انہوں نے یہ بات پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے باتچ چیت کرتے کہی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنا کر پی ٹی آئی کی جعلسازی کو بے نقاب کرے گی۔ علیم خان نے گوشواروں میں اپنے اثاثے چھاپے اور عمران خان کو آئندہ الیکشن میں شکست کا خوف لگا ہوا ہے۔ جہانگیر ترین آپ تو سرکاری ملازم کے بیٹے ہیں بتائیں موٹرسائیکل سے جہاز تک کیسے پہنچے ہیں۔ جہانگیر ترین نے قرضے کیوں معاف کرائے؟ علیم خان نے اثاثے کیوں چھاپے؟ نواز شریف مل والے کے بیٹے ہیں، قیام پاکستان سے پہلے انکی اپنی مل تھی جہانگیر ترین سرکاری ملازم کے بیٹے ہیں کھرب پتی کیسے بن گئے؟ بتائیں موٹرسائیکل سے ہیلی تک سفر کیسے طے کیا؟ ہم سے استعفیٰ وہ مانگ رہے ہیں جنہوں نے کراچی کے گٹر کے ڈھکن بھی بیچ دیئے۔