ہائر ایجوکیشن کمشن کو پھر مالی بحران کا سامنا، تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ہائر ایجوکیشن کمشن کو ایک بار پھر مالی بحران کا سامنا ہے، ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لئے بھی پیسے نہیں ہیں۔ جامعہ کراچی کے بعد بلوچستان یونیورسٹی میں بھی مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ ایچ ای سی ذرائع نے بتایا کہ سال 2013ءکی تیسری سہ ماہی کے 12 ارب روپے ریلیز نہیں ہو سکے جبکہ بجٹ میں مختص رقم میں سے 9 ارب روپے کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ مالی سال 2012-13ءکے بجٹ میں ایچ ای سی کے لئے دس ارب روپے کم فنڈ مختص کیا گیا۔ مجموعی طور پر ایچ ای سی کو مختص فنڈ میں سے 24 ارب روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ وائس چانسلرز نے کہا ہے کہ فنڈز نہ ملے تو یونیورسٹیز بند کرنا پڑیں گی۔ یونیورسٹیز کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لئے بھی پیسے نہیں، لاکھوں طلبا و طالبات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت نے وزارت خزانہ اور پلاننگ ڈویژن کو یکم مارچ تک فنڈز ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن عملدرآمد نہیں ہو سکا۔