طالبان کی جانب سے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے وکیل کو قتل کی دھمکی

 اسلام آباد(آن لائن) دہشتگردی اور بم دھماکوں کے الزام میں سزائے موت پانے والے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ نے کہا ہے کہ انہیں طالبان کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اویس شیخ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو شناخت ظاہر کئے بغیر تحریک طالبان پاکستان کے ایک کارکن کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ آپ اپنے خاوند کو سربجیت سنگھ کی وکالت مقدمہ سے الگ کریں جبکہ سربجیت سنگھ پر لکھی گئی کتاب کی تقریب رونمائی بارے پریس کانفرنس سے روکیں اگر آپ کے خاوند نے کتاب کی رونمائی اور پریس کانفرنس کا پروگرام منسوخ نہ کیا تو یہ نہ صرف ان کی زندگی کا آخری دن ہوگا بلکہ آپ کے خاندان کے تمام افراد کو قتل کردیا جائے گا۔ اویس شیخ کے مطابق خط لکھنے والے نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا وہ خودکو فیصل آبادکا رہائشی ظاہر کررہا تھا ۔