بےنظیر قتل کیس کے گواہوں کو قتل کی دھمکیاں، انسپکٹر اشفاق دو روز سے لاپتہ

اسلام آباد (آن لائن) بے نظیر قتل کیس کے گواہوں کو کالعدم تنظیم کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، انسپکٹر اشفاق دو روز سے لاپتہ ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق بے نظیر قتل کیس میں پنجاب پولیس کے تین اہم گواہ جنہوں نے ملزمان سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا ان میں انسپکٹر اعجاز شاہ کا تعلق راولپنڈی، سب انسپکٹر الیاس کا تعلق گجرات اور سب انسپکٹر اشفاق کا تعلق لاہور سے ہے ان تینوں کو افغانستان کے ایک نمبر سے دھمکیاں ملی ہیں کہ اگر انہوں نے گواہی دینے کی کوشش کی تو انہیں قتل کر دیا جائے گا، ان دھمکی آمیز فون کالز کے بعد سی آئی ڈی کے سب انسپکٹر اشفاق گذشتہ دو روز سے لاپتہ ہیں جن کا گھر والوں اور محکمے سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، اس حوالے سے متعلقہ تھانوں میں رپورٹس درج کر لی گئی ہیں اور گواہوں کو مکمل سکیورٹی کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔