گورنمنٹ تنویر الاسلام بوائز پرائمری سکول ڈھوک حکمداد سے قائم آباد شفٹ کر دیا گیا
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) شہر کے 50 گنجان آبادی پر مشتمل یو سی 31 میں واقع گورنمنٹ تنویر الاسلام بوائز پرائمری سکول کو اچانک ڈھوک حکمداد سے قاسم آباد (یو سی 43) میں شفٹ کر دیا ہے جس کے خلاف سکول کے طلباءو طالبات اور والدین نے پی ٹی آئی کے سٹی جنرل سیکرٹری ظہیر احمد اعوان کی قیادت میں سکول کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ حکومت دوسرے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے لیکن یو سی 31 سے یہ تیسرا تعلیمی ادارہ شفٹ کر کےعوام دشمنی سے کام لیا گیا ہے۔ غریب اور محنت کش طبقہ کے بچے اور بچیاں ڈھوک حکمداد کی گلی میں واقعے اس قریبی پرائمری سکول میں زیرتعلیم تھے۔ یہ غریب طبقہ اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ انہیں بچوں کو قریبی سکول بھیجنے کے لئے راغب کیا گیا تھا لیکن سکول شفٹ ہونے کی اطلاع ملنے پر طلباءو طالبات کے ساتھ ان کے والدین میں گہری تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ ظہیر احمد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت میٹرو جیسے نظر آنے والے منصوبے ہٹا کر تعلیم جیسے بنیادی شعبے کو نظرانداز کر رہی ہے اس سے پہلے بھی دو سکول اس علاقے سے شفٹ ہو چکے ہیں۔ گورنمنٹ جامع اسلامیہ ہائی سکول ڈھوک حکمداد سے زینت سکندریہ ہائی سکول ڈھوک کھبہ اور گورنمنٹ فیض الاسلام ہائی سکول نمبر 2 حق نواز روڈ کو شکریال میں شفٹ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ تنویر الاسلام بوائز پرائمری سکول کو ڈھوک حکمداد سے شفٹ کرنے کا فیصلہ فوری طور پر منسوخ کر کے بچوں اور والدین میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کا مطالبہ کیا۔