عمران خان کی سیاست نے انکی جماعت اور کے پی کے کو نقصان پہنچایا‘ برجیس طاہر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کو سیاسی و معاشی طورپرغیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ عمران خان نے پچھلے ساڑھے تین کی اپنی سیاست میں محض احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے جس کا خود اُن کی اپنی جماعت اور صوبہ خیبر پختونخوا کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کے ملک دشمن طرز عمل کے باعث آج صوبہ خیبر پختونخوا ترقی وخوشحالی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گیا ہے اور جب سے تحریک انصاف اس صوبے میں برسر اقتدار آئی ہے تب سے صوبے میں کوئی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی طرز سیاست کی وجہ سے آج صوبہ خیبر پختونخوا کی عوام اور تحریک انصاف کے سیاسی کارکن شدید مایوسی اور اضطراب کا شکار ہیں او ر اس وجہ سے آئندہ عام انتخابات کے قریب تحریک انصاف شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ افسوس اس امر کا ہے کہ عمران خان کے محمد نواز شریف کے خلاف تمام تر الزامات غلط بیانی پر مبنی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی طرح محمد نواز شریف اور اُن کا خاندان سپریم کورٹ میں بھی سرخرو ہوگا اور عمران خان کو اپنے غلط اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر نہ صرف شرمندگی اور ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ اس سے عمران کی سیاست کا بھی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوجائے گا۔