بوسنیا کیساتھ تعاون کی نئی راہیں کُھلنا چاہئیں: صدر ممنون، سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بوسنیا اور ہرزوگوینا کےساتھ مختلف شعبوں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے اس طرح تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ صدرمملکت نے یہ بات بوسنیا اور ہرزوگوینا کےلئے نامزد پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سلیم نواز سے کہی جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدرمملکت نے نامزد سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریاں تفویض کیے جانے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو قریب لانے کے لیے اخلاص اور محنت کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اوربوسنیا کے درمیان تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں وفود کے تبادلے میں اضافہ ہونا چاہیے۔ بوسنیا کے طالب علموں کو پاکستانی جامعات میں سکالر شپس دیئے جائیں۔ بوسنیا کو اردگرد کے ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کےلئے مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ نامزد سفیر نے رہنمائی اور تعاون پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
صدر ممنون