چین ہمارا سٹرٹیجک پارٹنر ہے‘ دہشت گردی سے نمٹنے میں مدد کرینگے: جنرل راشد محمود

چین ہمارا سٹرٹیجک پارٹنر ہے‘ دہشت گردی سے نمٹنے میں مدد کرینگے: جنرل راشد محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان چین کی مدد کرے گا۔ چینی میڈیا سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح حالات سے نمٹتے رہے تو جلد دہشت گردی کو شکست دیدیں گے، پاکستان اور چین سٹرٹیجک پارٹنر ہیں، خطے کے اہم مسائل پر دونوں کا نظریہ ایک ہے۔ سٹرٹیجک تعلقات عالمی مسائل کے حل کیلئے دونوں ملکوں کیلئے مددگار ہوں گے، عالمی مسائل پر پاکستان اور چین کے خیالات ہم آہنگی ہے۔ خطے میں استحکام کیلئے چین کا کردار انتہائی اہم ہے۔ خطے میں استحکام کیلئے پاکستان اور چین اہم کردار ادا کریں گے۔ خطے میں استحکام کیلئے پاکستان اور چین باہمی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غیریقینی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری مشاورت مزید بامقصد ہو گی۔دریں اثناء چین کے ملٹری اتاشی جنرل کی ہواجن نے چینی پیپلز لیبریشن آرمی کے 87 ویںیوم تاسیس کے سلسلے میں استقبالئے کا اہتمام کیا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود مہمان خصوصی تھے۔استقبالئے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی  برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ، پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن سمیت پاکستان کے دیگر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جنرل راشد محمود نے چین کے ساتھ  فوجی تعلقات اور سٹرٹیجک شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین  مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہواہے۔ امید ہے دونوں ملکوں کے عوام کی مشترکہ خواہشات کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ پاکستان کو  چین کے ساتھ خاص طورپر دفاعی شعبے میں سٹرٹیجک شراکت داری پر فخر ہے، ہم چین کے ساتھ ان تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کا باعث ہیں۔ جنرل راشد محمود نے چین کی پیپلز  لیبریشن آرمی کی جانب سے اپنے ملک میں امن اور ترقی کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ پی ایل اے عالمی سطح پر بھی امن و ہم آہنگی کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کررہی ہے ۔ پیپلز لبریشن آرمی باہمی ترقی کیلئے ممالک کی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہمیت کی حامل رہی ہے۔ باہمی سٹرٹیجک تعلقات عالمی مسائل کے حل کیلئے دونوں ملکوں کیلئے مددگار ثابت ہونگے۔ دونوں ملک باہمی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری مشاورت مزید بامقصد ہو گی۔چین کے ملٹری اتاشی نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی نے خود کو جدید فورس کے طورپر استوار کیا اس نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فروغ پارہی ہے، اسے مزید مضبوط بنانے کی گنجائش موجود ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ سفارتی اور فوجی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جنرل کی ہواجن نے پاکستان میں خدمات سرانجام دینے کے دوران میجر جنرل کے عہدے پر اپنی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پل کے طورپر کام کریں۔ اس موقع پر مہمانوں نے پیپلز لبریشن آرمی کے یوم تاسیس پر چینی حکام کو مبارکباد دی اور تعمیروترقی کے شعبوں میں چین کی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔